پاکستان اردو اسکول بحرین میں گریجویشن کی شاندار تقریب

منامہ (رانا ذیشان) – پاکستان اردو اسکول مملکتِ بحرین میں چھٹی سالانہ گریجویشن تقریب 4 اکتوبر 2025ء کو حاجی اصغر علی آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ اس پُروقار تقریب میں نمایاں شخصیات، اساتذہ، والدین اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی وزارتِ تعلیم بحرین کی چیف آف لائسنسنگ برائے پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنز محترمہ ہُدیٰ عبدالغفار المرابطی تھیں، جبکہ مہمانِ اعزاز کے طور پر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفارتخانے کے فرسٹ سیکرٹری (سیاسی و اقتصادی امور) نوید شہزاد نے شرکت کی۔
اس موقع پر پاکستان اردو اسکول کے چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹیز سلیم اصغر علی اور چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز جناب نور عابد بھی موجود تھے۔ والدین کونسل کے اراکین، معزز مہمانان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے تقریب کی رونق دوبالا کی۔
تقریب کے دوران فارغ التحصیل طلبہ کو اسناد سے نوازا گیا اور ان کی تعلیمی کارکردگی کو سراہا گیا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اسکول انتظامیہ نے تمام فارغ التحصیل طلبہ کے لیے کامیابیوں بھری زندگی کی دعا کی اور انہیں مستقبل کے سفر کے لیے نیک تمناؤں سے رخصت کیا۔