ریاض میں اسلامی یکجہتی کھیل 2025 کی تیاری عروج پر
پاکستان ان مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے پُرعزم

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں چھٹے اسلامی یکجہتی کھیل (ISG 2025) سات نومبر سے اکیس نومبر تک منعقد ہوں گے، جن میں اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے 57 رکن ممالک کے کھلاڑی شرکت کریں گے۔
ان مقابلوں میں 21 کھیل اور 2 پیرا اسپورٹس شامل ہیں جن میں ایتھلیٹکس، تیراکی، باکسنگ، کشتی، ویٹ لفٹنگ، والی بال، ٹیبل ٹینس، ہینڈبال، جوڈو، کراٹے، جو جِٹسو، موی تھائی، فینسنگ، باسکٹ بال (3×3)، فٹسال، ای اسپورٹس، کیمل ریسنگ، ڈوایتھلون، گھڑ سواری (جمپنگ)، تائیکوانڈو اور ووشو شامل ہیں، جبکہ پیرا ایتھلیٹکس اور پیرا پاور لفٹنگ خصوصی کھیلوں میں شامل ہوں گے۔
پاکستان ان کھیلوں میں شریک رہا ہے تاہم گزشتہ پانچ ایڈیشنز میں پاکستان کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ اب ریاض 2025 میں پاکستانی کھلاڑیوں کے پاس موقع ہے کہ وہ تاریخ رقم کریں اور عالمی اسلامی کھیلوں میں اپنی کھوئی ہوئی پہچان واپس حاصل کریں۔
یہ کھیل سعودی عرب کے لیے بھی ایک تاریخی لمحہ ہیں کیونکہ 2005 میں پہلی مرتبہ یہ ایونٹ مکہ، مدینہ، جدہ اور طائف میں منعقد ہوا تھا اور اب 20 سال بعد یہ کھیل دوبارہ سعودی سرزمین پر ہو رہے ہیں۔