معروف سماجی رہنما انجینئر سجاد کی جانب سے جدہ کے صحافیوں کے اعزاز میں عشائیہ

سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں معروف سماجی رہنما انجینئر سجاد کی جانب سے صحافیوں کے اعزاز میں ایک پُروقار عشائیہ دیا گیا، جس میں سعودی عرب میں مقیم مختلف صحافتی تنظیموں کے نمائندہ افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر انجینئر سجاد نے میڈیا کی اہمیت اور صحافیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری کا معاشرے میں منفرد مقام ہے، جو ہر اہم موقع اور پروگرام میں اپنی موجودگی سے ہمیں آگاہی اور شعور فراہم کرتی ہے۔
عشائیے میں یونائیٹڈ جرنلسٹس فورم کے چیئرمین جہانگیر خان، پاک اوورسیز میڈیا فورم کے صدر شعیب الطاف راجہ، قائم مقام چیئرمین مرزا مدثر، اور پاکستان جرنلسٹس فورم کے ڈیجیٹل میڈیا ہیڈ محمد عدیل اور کاروباری اور سماجی شخصیت اشفاق واحد نے شرکت کی۔ تقریب کا ماحول دوستانہ اور خوشگوار رہا، جہاں صحافی برادری نے آپس میں خیالات کا تبادلہ بھی کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر سجاد نے کہا کہ صحافی اپنی محنت اور ایمانداری کے ذریعے کمیونٹی کی نمائندگی کر رہے ہیں، اور ان کی خدمات ہر لحاظ سے قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا معاشرے کی آنکھ اور زبان ہے جو نہ صرف مسائل کو اجاگر کرتا ہے بلکہ مثبت پہلوؤں کو بھی سامنے لاتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر صحافیوں نے بھی انجینئر سجاد کی سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی کے لیے ان کی مسلسل کوششیں اور بے لوث خدمات ایک مثال ہیں، اور ایسے افراد کا کوئی نعم البدل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انجینئر سجاد آئندہ بھی اسی جذبے سے کمیونٹی کی خدمت جاری رکھیں گے۔