لیبیا کے قریب ایک اور کشتی حادثہ، پاکستانیوں سمیت 65 مسافر سوار تھے
پاکستانیوں کے بارے میں جاننے کیلئے طرابلس میں سفارتخانے کی ٹیم کو زاویہ ہسپتال روانہ کردیا گیا؛

لیبیا کے ساحل کے قریب پاکستانی شہریوں سمیت غیرقانونی تارکین کی ایک اورکشتی حادثے کا شکارہو گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے لیبیا میں پاکستانی سفارتخانے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ افریقی ملک لیبیا میں 65 مسافروں کو لے جانے والی کشتی الٹ گئی، کشتی الٹنے کا یہ حادثہ زاویہ شہر کے شمال مغرب میں واقع مرساڈیلا کی بندرگاہ کے قریب پیش آیا، لیبیا کشتی حادثہ میں متاثرہ پاکستانیوں کی تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔
ترجمان دفتر خارنہ کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد پاکستانی شہریوں کے بارے میں جاننے کے لیے طرابلس میں پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم کو زاویہ ہسپتال روانہ کردیا گیا جہاں حادثے کے شکار مسافروں کو پہنچایا گیا ہے پاکستانی سفارتخانہ کی ٹیم وہاں مقامی حکام کی معاونت کرے گی تاکہ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت میں مدد مل سکے، اس کے علاوہ وزارت خارجہ میں کرائسز مینجمنٹ یونٹ کو بھی متحرک کردیا گیا تاکہ صورتحال کی نگرانی کی جائے۔
بتایا جارہا ہے کہ لیبیا کے جنوب مشرقی صحرا میں دو اجتماعی قبروں سے تقریباً 50 لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں، یہ لاشیں یورپ پہنچنے کے خواہش مند تارکین وطن افراد کی ہیں، پہلی اجتماعی قبر ملک کے جنوب مشرقی شہر کفرہ کے ایک فارم سے دریافت ہوئی جس میں سے 19 لاشیں نکالی گئیں، ان لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا، جن افراد کی لاشیں ملی ہیں ان میں سے بعض افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا اور پھر اجتماعی قبر میں دفن کردیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ دوسری اجتماعی قبر بھی کفرہ میں ایک انسانی سمگلنگ کے اڈے پر چھاپے کے دوران دریافت ہوئی جس میں کم از کم 30 لاشیں موجود تھیں جہاں مجموعی طور پر 70 افراد کو اس قبر میں دفن کیے جانے کا انکشاف ہوا جس کے بعد حکام نے مزید لاشوں کی تلاش شروع کردی۔https://twincitynews.pk/philadelphia-ambulance-plane-crash/