ریاض سیزن میں پاکستانی گلوکار اور بینڈز کی شرکت کرینگے
سویدی پارک میں شاندار پرفارمنسز
ریاض (کامران اشرف سے) ریاض سیزن 2024 پاکستانی فنکاروں کی شاندار پرفارمنسز کے ساتھ یادگار ہونے جا رہا ہے۔ پاکستانی میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار اور کمپوزر عاصم اظہر یکم نومبر کو سعودی دارالحکومت ریاض کے سویدی پارک میں اپنے مداحوں کے لیے پرفارم کریں گے۔ عاصم اظہر، جنہیں پاکستان اور دنیا بھر میں اپنی منفرد آواز اور موسیقی کے لیے جانا جاتا ہے، اس موقع پر اپنے مشہور گانوں کے ساتھ ریاض کے موسیقی کے شوقین افراد کو محظوظ کریں گے۔
اسی دوران، 31 اکتوبر کو پاکستان کے مشہور بینڈ “خماریان” بھی سویدی پارک میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ خماریان اپنے دلکش سازوں اور منفرد انداز کے لیے مشہور ہیں، اور ان کی یہ پرفارمنس شائقین کے لیے یادگار ثابت ہو گی۔
نوجوانوں میں مقبول ہونے والا بینڈ “ینگ سٹنرز” بھی ریاض سیزن کا حصہ بنے گا اور 2 نومبر کو اپنے ہٹ گانوں کے ساتھ سویدی پارک میں اسٹیج پر جلوہ گر ہو گا۔ ینگ سٹنرز کا ریاض میں پرفارم کرنا، نوجوانوں میں میوزک کا ایک نیا جوش و خروش پیدا کرے گا۔
یہ تمام پرفارمنسز ریاض سیزن کی عالمی حیثیت کو مزید تقویت دیں گی، جہاں دنیا بھر کے مشہور فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں، اور پاکستانی میوزک انڈسٹری کے یہ معروف نام سعودی عرب کے شائقین کو ایک ناقابل فراموش تجربہ فراہم کریں گے