اسلام آباد کے ڈیجیٹل میڈیا کی طرف سے بچیوں کی تعلیم کیخلاف ویڈیوز بنانے والے یوٹیوبر کیخلاف درخواست دائر
بچیوں کی تعلیم کیخلاف ویڈیوز بنانے والے یوٹیوبر کیخلاف سائبر کرائم میں درخواست دائر
اسلام آباد: اسلام آباد کے ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ صحافیوں نے یوٹیوبر حسن اقبال چشتی کیخلاف قانونی چارہ جوئی کیلئے ایف آئی اے سائبر کرائم سے رجوع کرلیا۔ صحافیوں رضی طاہر، قمر میکن، شاہد حق نواز، عبید بھٹی اور علی ریحان نے وکیل بینا شاہد کے ذریعے درخواست جمع کروائی۔
درخواست میں کہا گیا کہ حسن اقبال چشتی نے پنجابی زبان میں کچھ گانے گائے جس میں کہا گیا کہ بچیوں کو سکول مت بھیجا جائے، اس کے ساتھ ساتھ موبائل رکھنے والی خواتین اور روزگار پر جانے والی خواتین کے حوالے سے بھی انتہائی گمراہ کن اور بیہودہ زبان استعمال کرکے خواتین اور طالبات کو خطرے میں ڈالا گیا۔ درخواست میں کہا گیا کہ گمراہ کن گانوں کے ذریعے 49.6 فیصد خواتین کو نشانہ بنایا گیا، بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے جو کانٹینٹ اپلوڈ کیا گیا اس سے طالبات عدم تحفظ کا شکار ہوئیں۔
صحافیوں نے ایف آئی اے سائبر کرائم سے فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔