مراکش میں زلزلہ 2800 سے زائد زندگیاں نگل گیا
مراکش میں جمعے کو آنے والے 6.8 شدت کے خطرناک زلزلے میں 2800 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق زلزلے میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
زلزلے کے بعد ہسپانیہ، برطانیہ اور قطر کی ٹیمیں بھی مراکش میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ بہت سے افراد ابھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
سرکاری ٹیلی ویژن کا کہنا ہے کہ تباہ کُن زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 2862 ہو گئی ہے جب کہ 2562 افراد زخمی ہوئے ہیں،زلزلے کا مرکز مراکش سے 72 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔
ریسکیو حکام کے مطابق علاقے میں روایتی مٹی کی اینٹوں سے بنی عمارتیں عام ہیں، جس کے باعث ان عمارتوں کے تباہ ہونے کی وجہ سے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کا امکان محدود ہو گیا تھا۔
شہری امدادی ٹیمیں اور مراکشی فوج زندہ بچ جانے والوں اور ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔ زلزلے کی وجہ سے مراکش سے 60 کلومیٹر دور پہاڑی گاؤں تافغاغت میں سب کچھ ملیا میٹ ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ مراکش میں تباہ کُن زلزلے کے بعد عراق میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، مگر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں سامنے نہیں آئی۔