پرویز الٰہی کو اڈیالہ جیل سے رہا ہوتے ہی دوبارہ حراست میں لے لیا گیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کو اڈیالہ جیل سے رہاکر دیا گیا۔
جیل انتظامیہ کے مطابق پرویز الٰہی کو نظر بندی آرڈر کی مدت مکمل ہونے کے بعد اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی نے چوہدری پرویز الٰہی کو جیل سے رہا ہوتے ہی حراست میں لے لیا۔
بعد ازاں چوہدری پرویز الٰہی کو جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈ میں ڈیوٹی مجسٹریٹ خالد حیات کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
نیب کی جانب سے عدالت سے چوہدری پرویز الٰہی کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی گئی، دلائل سننے کے بعد ڈیوٹی مجسٹریٹ خالد حیات نے ایک روزہ ریمانڈ منظور کر لیا
ڈیوٹی مجسٹریٹ نے کہا کہ پرویز الٰہی بزرگ ہیں انہیں اوپر لانے کی بجائے گاڑی میں ہی وکالت نامے پر دستخط کروائیں۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو 19 جولائی کو کیمپ جیل لاہور سے نکال کراڈیالہ جیل پہنچایا گیا تھا۔ پرویز الٰہی کو 3 ایم پی او کے تحت نظربند کیاگیا اور ان کی نظر بندی کے احکامات ڈپٹی کمشنر لاہور نے جاری کیے تھے جو 30 روز کے لیے تھے۔
چوہدری پرویز الٰہی نے تھری ایم پی او کے تحت اپنی نظر بندی کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج بھی کیا تھا۔