اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 5 روپے کمی
کراچی : اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 5 روپے کمی ہوئی ہے۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر 295 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں دو روز کے دوران 10 روپے کمی ہوئی ہے۔جب کہ انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 72 پیسے کی کمی ہوئی ہے۔انٹربینک میں ڈالر 287 روپے 25 پیسے پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔رواں کاروباری ہفتہ کے دوسرے روز شہر کی اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر سمیت بعض مختلف ممالک کی کرنسیوں کی قیمت میں کمی واقع ہو ئی تھی۔
بتایا گیا کہ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر تین روپے کمی کے ساتھ 302 روپے کی سطح پر آ گیا تھا۔دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ماہ مئی کے دوران بیرون ممالک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں، جس کے مطابق نا صرف مئی کے ماہ میں ترسیلات زر میں نمایاں کمی ہوئی، بلکہ رواں مالی سال کے دوران 11 ماہ کی مجموعی ترسیلات میں بھی اربوں ڈالرز کی کمی ہوئی ہے۔
مرکزی بینک کے مطابق مئی 2023ء میں بیرون ملک پاکستانیوں نے 2.1 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیجیں۔ اسٹیٹ بینک کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مئی 2023ء میں نمو کے لحاظ سے ترسیلاتِ زر میں 4.4 فیصد ماہ بہ ماہ اور 10.4 فیصد سال بسال کمی آئی۔ مالی سال 23ء کے ابتدائی 11 مہینوں میں ترسیلاتِ زر کی مد میں مجموعی طور پر 24.8 ارب ڈالر موصول ہوئے جو گذشتہ برس کی نسبت 12.8 فیصد یعنی 3.65 ارب ڈالرز کی کمی کو ظاہر کرتا ہے۔
مئی 2023ء میں ترسیلات زر کی آمد کے اہم ذرائع میں سعودی عرب (524 ملین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (335.8 ملین ڈالر)، برطانیہ (306.5 ملین ڈالر) اور امریکہ (257.2 ملین ڈالر) شامل ہیں۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے رواں مالی سال سب سے زیادہ 5.92 ارب ڈالر پاکستان بھیجے جبکہ متحدہ عرب امارات سے 4.32 ارب ڈالر پاکستان بھیجے گئے۔