سپریم کورٹ کا ارشد شریف ازخود نوٹس کیس کی سماعت کا فیصلہ
سپریم کورٹ نے ارشد شریف ازخود نوٹس کو سماعت کیلیے مقرر کرلیا۔ چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ 13 جون کو کیس کی سماعت کرے گا۔ اس ضمن میں سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل ،وزارت خارجہ ،اور جے ائی ٹی کو نوٹس جاری کردئیے ۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ 9 مئی کی سماعت کو پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کی تھی، چیف جسٹس پاکستان نے ارشد شریف کے قتل پر 6دسمبر کو از خود نوٹس لیا تھا۔
ادھر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سینئر صحافی ارشد شریف قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے کی۔ کیس کے تفتیشی افسر ریکارڈ سمیت اور پراسیکیوٹر فیصل قوسین مفتی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے گواہوں کی مسلسل عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر استغاثہ سے صورتحال پر معاونت طلب کرلی۔