خوراکی تحفظ کے فروغ کے لیے ایتھوپیا اور پاکستان میں تعاون کا آغاز

اسلام آباد(عثمان پراچہ) وفاقی جمہوریہ ایتھوپیا اور اسلامی جمہوریہ پاکستان نے خوراکی تحفظ کے اہم شعبے میں علم و تجربات کے تبادلے کے لیے پہلی مشترکہ "گرین لیگیسی فورم” منعقد کر کے باضابطہ تعاون کا آغاز کر دیا۔
ایتھوپیا کے پاکستان میں سفیرجمال بکر عبداللہ نے نیشنل ایگریکلچر ریسرچ سینٹر میں وزارت قومی خوراک و تحقیق اور ایتھوپیا کے سفارت خانے کے اشتراک سے منعقدہونےوالے اس فورم کی صدارت کی۔ وفاقی سیکریٹری برائے قومی خوراک و تحقیق، عامر محی الدین، تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
فورم میں بڑی تعداد میں زرعی ماہرین، اور طلبہ نے شرکت کی تاکہ ایتھوپیا کی کامیاب پالیسیوں، اقدامات اور نتائج سے آگاہی حاصل کی جا سکے جن کی بدولت وہ ایک مستحکم زرعی نظام قائم کرنے میں کامیاب ہوا۔
ڈاکٹر جمال بکر نے کہا کہ ایتھوپیا اور پاکستان دونوں زرعی معیشتیں ہیں اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا شکار ہیں۔ انہوں نے "گرین لیگیسی” اور "یلمات تروفات” (یعنی باؤنٹی آف باسکٹ) منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم ڈاکٹر ابی احمد کی قیادت میں ایتھوپیا نے خوراک میں خود کفالت حاصل کی۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چھ سالوں میں ایتھوپیا نے 40.5 ارب پودے لگائے جن میں پھل، سبزیاں، جانوروں کا چارہ، اور کافی شامل ہیں، جس سے جنگلات کا رقبہ 17 فیصد سے بڑھ کر 23 فیصد ہو گیا۔ باؤنٹی آف باسکٹ منصوبے کے تحت زراعت اور مویشیوں کی پیداوار میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔
سفیر نے پاکستان کے ساتھ خوراکی تحفظ کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وفاقی سیکریٹری نے ایتھوپیا کے "گرین لیگیسی” اور پاکستان کے "گرین پاکستان” پروگرام کو آپس میں جوڑنے کی تجویز دی تاکہ علم و مہارت کا تبادلہ کیا جا سکے اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں کو فروغ ملے۔
انہوں نے وزیر اعظم ابی احمد کے "گرین لیگیسی” پروگرام کو افریقہ میں خوشحالی اور سبز معشیت کی علامت قرار دیا، اور پاکستان میں بھی اس ماڈل کو اپنانے میں دلچسپی ظاہر کی، خاص طور پر اس کے بنیادی اجزا جیسے کہ شجر کاری، مقامی شراکت داری، زمینی و آبی تحفظ، اور مٹی کے کٹاؤ کی روک تھام کے لیے اقدامات۔
نیشنل ایگریکلچر ریسرچ سینٹر کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد اعظم خان نے ماحولیاتی تبدیلی، سیلاب، بھوک، قحط اور غربت جیسے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ عالمی کوششوں پر زور دیا۔
فورم کے اختتام پر سفیر اور وفاقی سیکریٹری نے نیشنل ایگریکلچر ریسرچ سینٹر میں "گرین لیگیسی پارک” کا افتتاح کیا اورایتھوپیا اورپاکستان دوستی کے فروغ کے لۓ پھل دار پودے لگائے۔

مرکزی ڈیسک

ٹوئن سٹی نیوز پاکستان کے دو بڑے شہروں راولپنڈی اسلام آباد کا مقامی سطح کا ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے،جو جڑواں شہروں کی مقامی خبروں کے ساتھ راولپنڈی اسلام آباد کا مقامی کلچر، خوبصورتی، ٹیلنٹ اور شخصیات کو سامنے لےکر آتا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button