سپریم کورٹ، فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد (محمد عمر ، نمائندہ ٹوئن سٹی نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان میں فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کیخلاف درخواستوں پر سماعت کل ہوگی۔ جیو نیوز کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کردیں، چیف جسٹس عمر عطابندیال نے سماعت کیلئے 9 رکنی بنچ مقرر کردیا ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں 9 رکنی بنچ کل درخواستوں پرسماعت کرے گا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بھی 9 رکنی لارجربنچ کا حصہ ہیں۔جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس یحیٰ آفریدی، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس مظاہر علی نقوی بھی لارجر بنچ کا حصہ ہیں۔ فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کیخلاف درخواستوں کی سماعت کل دن 11 بج کر 45 منٹ پر ہوگی۔

یاد رہے گزشتہ روز سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ نے بھی فوجی عدالتوں کے قیام کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ آئین کے مطابق سویلینز کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں نہیں ہو سکتا،عام عدالتوں کی موجودگی میں ملٹری کورٹس میں سویلینز کیخلاف مقدمات نہیں چلائے جا سکتے۔ فوج وفاق کے ماتحت ہے جبکہ صوبوں میں امن و امان صوبائی ذمہ داری ہے، فوج ایگزیکٹو کے ماتحت ہے اور مقدمات چلانا عدلیہ کا کام ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت فوجی عدالتوں کے قیام کو کالعدم قرار دے، تمام سویلینز کے مقدمات عام عدالتوں میں بھجوانے کا حکم بھی دیا جائے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل سویلین کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کا اقدام چیلنج کیا گیا تھا ،سپریم کورٹ میں سویلین کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کیخلاف اعتزاز احسن کی طرف سے وکیل سلمان اکرم راجہ نے درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر دفاع خواجہ آصف،وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور پانچ آئی جیز سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ وفاقی حکومت کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے،عسکری حکام کی حراست میں دئیے سویلین کی رہائی کا حکم دیا جائے۔ وفاقی حکومت نے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے کور کمانڈر فیصلے پر ربر اسٹیمپ کا کردار ادا کیا۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ سویلین کا ٹرائل آرمی ایکٹ کے سیکشن 2 اور 59 آئین سے متصادم ہے،آرمی ایکٹ کا سیکشن 94 اور 1970 کے رولز غیر مساوی ہیں۔

مرکزی ڈیسک

ٹوئن سٹی نیوز پاکستان کے دو بڑے شہروں راولپنڈی اسلام آباد کا مقامی سطح کا ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم ہے،جو جڑواں شہروں کی مقامی خبروں کے ساتھ راولپنڈی اسلام آباد کا مقامی کلچر، خوبصورتی، ٹیلنٹ اور شخصیات کو سامنے لےکر آتا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Open chat
رہنمائی حاصل کریں
السلام علیکم! ہم آپ کی کیسے مدد کر سکتے ہیں؟