ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں پاکستان کی شاندار نمائندگی — نامور ہوسٹ عمیر شیخ جدہ پہنچ گئے

جدہ میں جاری ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 2025 میں پاکستان کی جانب سے بھرپور شرکت کا سلسلہ جاری ہے، جہاں نامور میزبان عمیر شیخ بھی فیسٹیول میں شرکت کے لیے پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان پویلین 9 دسمبر کو ایک خصوصی پینل سیشن “Your Next Story Starts Here” کا اہتمام کر رہا ہے، جو دوپہر 12:30 سے 13:30 تک منعقد ہوگا۔

یہ اہم سیشن پاکستانی فلم انڈسٹری کے بڑھتے ہوئے رجحانات، تخلیقی صلاحیتوں، کم لاگت پروڈکشن کے مواقع اور عالمی سطح پر شراکت داری کے امکانات پر مبنی ہوگا۔ اس پینل میں پاکستان کے وہ چہرے شامل ہیں جو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی منفرد شناخت رکھتے ہیں۔
پینل میں عتیقہ اوڈھو، شہزاد نواز، توثیق حیدر، نوشین احمد اور عمیر شیخ شامل ہیں جو پاکستانی ڈراما، فلم، پروڈکشن اور میڈیا کے مختلف شعبوں میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔
اس خصوصی سیشن میں عمیر شیخ بطور ہوسٹ خدمات انجام دیں گے اور پینل کو جدید پاکستانی فلم میکنگ کے تناظر میں دلچسپ سمت دینے کی ذمہ داری نبھائیں گے۔
ریڈ سی فلم فیسٹیول میں یہ سیشن نہ صرف پاکستان کی تخلیقی انرجی کو عالمی سطح پر اجاگر کرے گا بلکہ بین الاقوامی فلم میکرز کے ساتھ نئی شراکت داریوں کے دروازے بھی کھولے گا۔



