خواتین کے لیے عید کمیونٹی بازار کی تیاریاں شروع
ریاض میں خواتین کے لیے عید کمیونٹی بازار کی تیاریاں شروع، 13، 17 اور 18 مارچ کو انعقاد

ریاض: سیدات گلوبل کی جانب سے خواتین کے لیے عید کی شاپنگ کے سلسلے میں خصوصی کمیونٹی بازار کے انعقاد کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ اس بازار کا مقصد خواتین اور بچیوں کو عید کی خریداری کے ساتھ ساتھ کمیونٹی سطح پر ایک خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق ایونٹ میں مختلف اقسام کے اسٹالز لگائے جائیں گے جن میں فوڈ گالا، مہندی، جیولری، ملبوسات اور دیگر مصنوعات شامل ہوں گی۔ اس موقع پر خواتین اور بچیاں اپنی پسند کی خریداری کے ساتھ ساتھ لذیذ ایشیائی کھانوں سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گی۔
چیئرمین گلوبل سادات، ام ابراہیم قریشی کا کہنا ہے کہ اس ایونٹ کا مقصد ریاض میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، خصوصاً خواتین کو عید کی خوشیوں میں شریک ہونے اور ایک دوسرے کے ساتھ مل بیٹھنے کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ عید کی خریداری کے ساتھ ساتھ کمیونٹی گیدرنگ بھی ممکن ہو سکے۔
یہ خصوصی کمیونٹی بازار 13، 17 اور 18 مارچ کو ریاض میں منعقد کیا جائے گا، جس میں خواتین اور فیملیز کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔



