پاکستانی پاسپورٹ میں ایک اہم تبدیلی کا فیصلہ
فیصلہ پاسپورٹس اینڈ امیگریشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کیا گیا ہے تاکہ دستاویزات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ہم آہنگ کیا جا سکے

اسلام آباد:پاکستانی شہریوں کے لیے جاری کیے جانے والے پاسپورٹ میں ایک اہم اور انقلابی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اب نئے پاسپورٹ پر والد کے ساتھ ساتھ والدہ کا نام بھی شامل کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ پاسپورٹس اینڈ امیگریشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کیا گیا ہے تاکہ دستاویزات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ہم آہنگ کیا جا سکے اور سماجی تقاضوں کو بہتر انداز میں پورا کیا جا سکے۔
ترجمان پاسپورٹس اینڈ امیگریشن نے بتایا ہے کہ آئندہ سے تمام نئے جاری ہونے والے پاسپورٹ میں والدہ کا نام بھی والد کے نام کے ساتھ لکھا جائے گا۔ اسی طرح وہ شہری جو پاسپورٹ کی تجدید کروائیں گے، ان کے نئے پاسپورٹ پر بھی والد اور والدہ دونوں کے نام درج ہوں گے۔یہ فیصلہ نہ صرف ایک انتظامی قدم ہے بلکہ اس سے خواتین کی سماجی حیثیت کے اعتراف اور صنفی مساوات کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔