پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں کی پرویز خٹک کی جماعت میں شمولیت کی تردید
پی ٹی آئی کے منحرف رہنما پرویز خٹک کی جانب سے نئی پارٹی کی تشکیل کے بعد متعدد اراکین نے نئی جماعت سے لاتعلقی کا اعلان کرنا شروع کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق صوبائی وزیر تاج محمد ترند کا کہنا ہے کہ میں پی ٹی آئی میں تھا اور ابھی بھی ہوں۔
جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے،پرویز خٹک نے نیند میں لسٹ بنائی ہے،میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتا ہوں۔
علاوہ ازیں سابق ممبر صوبائی اسمبلی پیر مصور خان کا بھی کہنا ہے کہ میں پی ٹی آئی کا حصہ تھا اور ابھی بھی حصہ ہوں۔
میڈیا پر چلنے والی خبریں بےبنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں،میرے مستقبل کا فیصلہ مالاکنڈ کے عوام اور بزرگ کریں گے، اپنے حلقے کے عوام کو منفی پروپیگنڈا سے دور رہنے پر زور دیتا ہوں۔
دریں اثنا سابق معاون خصوصی وزیر زادہ نے بھی میڈیا پر چلنے والے خبروں کی تردید کردی۔
انہوں نے کہا کہ میں آج کسی پروگرام میں شامل نہیں تھا اور نہ ہی کوئی نئی پارٹی جوائن کی ہے،پی ٹی آئی میں تھا اور ابھی بھی ہوں۔