موریطانیہ کشتی حادثہ تحقیقات میں اہم پیشرفت، خاتون اسمگلر گرفتار
ملزمہ نے تفتیش کے دوران اپنے اور بیٹوں کے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا
اسلام آباد (اسامہ قذافی سے) وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی موریطانیہ کشتی حادثہ تحقیقات
میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق انسانی اسمگلر گینگ کی مبینہ رکن کو گرفتار کرلیا گیا اور خاتون سے تفتیش مکمل کرکے جوڈیشل کردیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملزمہ نے تفتیش کے دوران اپنے اور بیٹوں کے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے، ملزمہ اپنے تین بیٹوں کے ساتھ لوگوں کو بیرون ممالک بھیجنے کا کام کرتی تھی جب کہ ملزمہ کا بیٹا خاور 10 افراد کو لے کر کیرئیر کے طور پر سینیگال گیا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزم خاور اس سے قبل اپریل 2024 میں بھی سینیگال گیا تھا، ملزمہ کا ایک بیٹا حسن اٹلی میں ہے اور دوسرا بیٹا فرحان واقعے کے بعد سے مفرور ہے، ملزمہ کو ایک روز قبل گجرات کے نواحی گاؤں جھوڑا سے گرفتار کیا گیا، ملزمہ کے موبائل اور بینک اکاؤنٹ تفصیلات بھی حاصل کرلی گئی ہیں