نیو کاسٹل میں محقق ڈاکٹر بہاءالدین کے اعزاز میں شاندار تقریب
تقریب کا انعقاد مرکزی جمعیت اہل حدیث نے کیا

نیو کاسٹل (نامہ نگار) برطانیہ کے شہر نیو کاسٹل میں مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کی جانب سے ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں محقق، مصنف اور مجاہد ختم نبوت، الشیخ ڈاکٹر بہاءالدین سلمان اظہر کو ان کی علمی و تحقیقی خدمات کے اعتراف میں خصوصی شیلڈ پیش کی گئی۔ تقریب بطور مہمان خصوصی مرکزی جمعیت اہلحدیث کے نائب امیر اور اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن، ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے شیلڈ پیش کی۔
تقریب میں دیگر نمایاں شخصیات حافظ حبیب الرحمن، حافظ شریف اللہ شاہد، علامہ عبدالستار عاصم، عبدالاعلی درانی، حافظ اخلاق احمد، صلاح الدین کریم، مولانا عبدالباسط، اور ابو ذکوان عبدالستار سمیت ذمہ داران نے بھرپور شرکت کی۔
ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے تقریب سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر بہاءالدین کی علمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس تصنیف کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں برصغیر کے مختلف مکاتب فکر کے ان اکابرین کا ذکر موجود ہے جنہوں نے مرزا غلام احمد قادیانی کی جھوٹی نبوت کے خلاف تاریخی خدمات انجام دیں۔
ڈاکٹر عبدالغفور راشد کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر بہاءالدین کی یہ تصنیف ختم نبوتﷺ اور رد قادیانیت کے حوالے سے ایک اہم علمی سرمایہ ہے، جو آئندہ نسلوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ بنے گی۔ تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء نے ڈاکٹر بہاءالدین کو مبارکباد دی اور ان کی مزید کامیابیوں کے لیے دعا کی۔