ماہرین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کو بچوں کے جنسی استحصال کا سب سے بڑا پلیٹ فارم قرار دے دیا، والدین کیلئے انتہائی تشویشناک خبر آگئی
واشنگٹن : سٹینفورڈ یونیورسٹی اور وال سٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام بچوں کے جنسی استحصال کو ظاہر کرنے والے مواد کو فروغ دینے اور فروخت کرنے کے لیے پیڈو فائل نیٹ ورکس کی طرف سے استعمال کیا جانے والا سب سے اہم پلیٹ فارم ہے۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی یونیورسٹی کے سائبر پالیسی سینٹر کے محققین نے کہا ‘اکاؤنٹس کے بڑے نیٹ ورکس جو نابالغوں کے ذریعے چلائے جاتے ہیں، کھلے عام بچوں کے جنسی استحصال کے مواد کی فروخت کے لیے تشہیر کر رہے ہیں۔’ ‘انسٹاگرام فی الحال ان نیٹ ورکس کے لیے سب سے اہم پلیٹ فارم ہے جس میں سفارشی الگورتھم اور براہ راست پیغام رسانی جیسی خصوصیات ہیں جو خریداروں اور بیچنے والوں کو جوڑنے میں مدد کرتی ہیں۔’
جرنل کے مطابق انسٹاگرام پر جنسی طور پر واضح کی ورڈز کی ایک سادہ تلاش خاص طور پر بچوں کا حوالہ دیتے ہوئے ایسے اکاؤنٹس کی طرف لے جاتی ہے جو ان اصطلاحات کو نابالغوں کے ساتھ جنسی زیادتی ظاہر کرنے والے مواد کی تشہیر کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ پروفائلز اکثر ‘یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ خود بچوں کے ذریعے چلائے جاتے ہیں اور کھلے عام جنسی تخلص استعمال کرتے ہیں۔
سٹینفورڈ کے محققین نے جانوروں اور خود کو نقصان پہنچانے والی ویڈیوز کے لیے پیشکشیں بھی دیکھیں۔ انسٹاگرام پر یہ پیشکش بھی کی جاتی ہے کہ ‘ایک مخصوص قیمت پر بچے ذاتی طور پر ‘ملاقاتوں’ کے لیے دستیاب ہیں۔انسٹاگرام کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے فوری طور پر اے ایف پی کی جانب سے تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔