عمران خان کی 3 مقدمات میں ضمانت خارج کر دی گئی
اسلام آباد(محمد عمر، نمائندہ ٹوئن سٹی نیوز)
تھانہ کھنہ اور تھانہ بھارہ کہو میں درج مقدمات،عمران خان کی حاضری سے استثنٰی کی درخواست مسترد کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 3 مقدمات میں ضمانت خارج کر دی،عدالت نے عمران خان کی عدم حاضری کے باعث ضمانتیں خارج کیں۔ جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنٰی کی درخواست بھی مسترد کر دی،عمران خان کیخلاف تھانہ کھنہ میں 2 اور تھانہ بھارہ کہو میں 1 مقدمہ درج ہے۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اٹک جیل میں قید ہیں،انہیں توشہ خانہ کیس میں 3 سال کی سزا سنائی گئی تھی۔ جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو فیملی اور وکلاء سے ملاقات کی اجازت دے رکھی ہے۔
گزشتہ دنوں عمران خان کی اڈیالہ جیل منتقلی ،سہولیات اور ملاقات کی درخواست پر تحریری حکمنامہ جاری کیا گیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے 5 صفحات پر مشتمل تحریری حکمنامہ جاری کیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ ایسا کچھ ریکارڈ پر نہیں جو قیدی کو ہفتے میں ایک سے زائد بار ملاقات سے روکے۔ جیل رولز کے مطابق جیل حکام عمران خان کے دوست، رشتہ دار اور وکلاء سے ملاقات کروائیں، عمران خان کو جائے نماز اور انگلش ترجمے کیساتھ قرآن مجید سمیت طبی سہولیات دی جائیں۔
گھر کے کھانا سے متعلق استدعا پر عدالت نے آئندہ سماعت پر دلائل طلب کئے۔ عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر مناسب آرڈر جاری کرنے کا کہا تھا۔چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی درخواست پر سماعت چیف جسٹسعامر فاروق نے کی تھی۔