بشریٰ بی بی کی مبینہ ڈائری سامنے آ گئی
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مبینہ ڈائری سامنے آئی ہے جس میں ہوشربا اور چشم کُشا انکشافات سامنے آئے ہیں۔
مبینہ ڈائری میں بشریٰ بی بی چیئرمین پی ٹی آئی کو سیاسی ڈکٹیشن دے رہی ہیں، بشریٰ بی بی یہ تک بتا رہی ہیں کے پی ٹی آئی کی سیاسی حکمتِ عملی کس وقت کیا اور کیسی ہو گی، بشریٰ بی بی یہ بھی بتا رہی ہیں کہ کون کیسے عدلیہ، فوج اور حکومت پر دباؤ ڈالے گا؟
بشریٰ بی بی کی مبینہ ڈائری میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اگر گورنر راج لگائیں تو قانونی چارہ جوئی اور شہر بند کرنے کی تیاری کی جائے، اگر گورنر راج لگائیں تو پہیہ جام ہڑتال کی جائے۔
عمران خان کی اہلیہ کی مبینہ ڈائری میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ وکیلوں نے جو کچھ اہم سوال کرنے ہیں اور خان نے نہیں بولنے وہ یہ ہیں، ہم جو بھی درخواست لے کر جاتے ہیں انصاف کے لیے وہ کیوں نہیں سنی جاتی؟ بندیال آ گیا ہے، نواز نے کہا تھا کہ اب دیکھتے ہیں یہ گورنمنٹ کیسے رہے گی۔
مبینہ ڈائری میں بشریٰ بی بی کی جانب سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ خواجہ (حارث) سوال اٹھائیں کہ اعظم سواتی کے کیس میں اُن کے مقامی سہولت کار کون تھے؟
بشریٰ بی بی کی مبینہ ڈائری میں یہ احکامات بھی درج ہیں کہ عمران خان کس وقت کیا اور کیسے کھائیں گے، ڈائری میں لکھا ہے عمران خان نے صبح اٹھتے ہی قہوہ، شہد اور جوس پینا ہے، دوپہرکو وٹامنز کے ساتھ صرف کباب، گوشت اور مچھلی کھانی ہے۔