بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں ضمانت کے بعد اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا

راولپنڈی (خصوصی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت ملنے کے بعد راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔ ان کی رہائی جیل کے گیٹ نمبر 5 سے ہوئی، جہاں پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

بشریٰ بی بی کی رہائی کی کارروائی اس وقت مکمل ہوئی جب وکلاء خالد یوسف اور رائے سلمان امجد کی جانب سے عدالت میں ضمانتی مچلکے جمع کرائے گئے۔ بشریٰ بی بی کی رہائی کے ضامن ملک طارق محمود نون نے ضمانتی مچلکہ جمع کروایا، جس پر سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے دستخط کرکے روبکار جاری کیا۔

رہائی کے بعد بشریٰ بی بی سخت سکیورٹی میں جیل سے روانہ ہوئیں اور بنی گالہ کے لیے روانہ ہوگئیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت منظور کی تھی، مگر جج کی عدم دستیابی کے باعث روبکار جاری نہ ہو سکا تھا، جس کے باعث رہائی کی قانونی کارروائی آج مکمل کی گئی۔

توشہ خانہ کیس کا پس منظر: بشریٰ بی بی کو رواں سال 31 جنوری کو توشہ خانہ کیس میں 14 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، جس کے بعد انہوں نے خود کو گرفتاری کے لیے پیش کیا تھا۔ بعد ازاں، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان کی سزا معطل کر دی تھی، مگر ایف آئی اے نے انہیں توشہ خانہ ٹو کیس میں دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔

عدالتی کارروائی: توشہ خانہ ٹو کیس میں بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران وکلاء، ضامن اور گواہان عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے تمام قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری کی۔

بشریٰ بی بی کی گاڑی پر جیل کے باہر موجود پارٹی کارکنوں کی جانب سے گل پاشی کی گئی، اور وہ سخت سیکورٹی حصار میں بنی گالہ روانہ ہو گئیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Open chat
رہنمائی حاصل کریں
السلام علیکم! ہم آپ کی کیسے مدد کر سکتے ہیں؟