روپے کے مقابلے میں ڈالر کی انٹر بینک گراوٹ جاری، لگ بھگ ڈیڑھ روپے مزید سستا
انٹر بینک میں ڈالر ایک روپے 41 پیسے مزید سستا ہو کر 299 روپے 75 پیسےکا ہونے کے بعد انٹر بینک میں ڈالر کی قدر گزشتہ 20 روز کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔
ڈالر کی قدر میں گزشتہ 15 روز میں 7 روپے تک کمی دیکھنے میں آئی ہے اور ماہرین پر امید ہیں کہ ڈالر مزید نیچے آئے گا۔
چیئرمین ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان ملک بوستان کا ڈالر کی قدر میں کمی کے حوالے سے کہنا تھا کہ آئندہ دنوں میں ڈالر 250 روپے تک ہونے کی قوی امید ہے۔
ملک بوستان کے مطابق ڈالر کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن مثبت اثرات مرتب کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بہتری کا کریڈٹ چیف آف آرمی اسٹاف کو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری جانب سے ڈالرز کی بلیک مارکیٹنگ کی شکایت کے بعد انہوں نے تاجروں کو اعتماد میں لیا۔
معاشی ماہر شہریار بٹ کا کہنا ہے کہ اس وقت یہ بہت اہم تبدیلی ہے کیوںکہ یہ ضروری تھا، اگر بلیک مارکیٹ یا ڈالر کی اسمگلنگ کی روک تھام نہیں ہوتی تو معاملات مزید بگڑ جاتے۔
’امید ہے کہ اسی طرح آپریشن جاری رہے گا اور ڈالر مزید نیچے آئے گا۔ تاجر برادری بار بار اس طرف اشارے دے رہی تھی کہ اس ضمن میں سخت فیصلے کرنے کا وقت ہے۔‘