اہلیہ کی طبیعت ناساز‘ شہبازشریف کا علاج کیلئے لندن لے جانے کا امکان
لاہور (محمد عمر، نمائندہ ٹوئن سٹی نیوز)
وزیراعظم شہباز شریف کی اہلیہ کی طبعیت ناساز ہونے پر نصرت شہباز کو علاج کے لیے لندن لے کر جانے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ اے آر وائی نیوز نے شریف خاندان کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ ان دنوں وزیراعظم کی اہلیہ نصرت شہباز کی طبیعت ناساز ہے، جس کے باعث شہباز شریف آئندہ چند روز میں اپنی اہلیہ کوعلاج کی غرض سے لندن لے کر جائیں گے۔
خاندانی ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ نصرت شہباز کا گزشتہ 6 روز سے اتفاق ہسپتال ماڈل ٹاؤن میں علاج جاری ہے تاہم مزید علاج لندن میں ہوگا اس سلسلے میں شہباز شریف اپنی اہلیہ کے علاج کے لیے آئندہ چند روز میں لندن روانہ ہوں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی لندن میں نواز شریف سے بھی آئندہ چند روز میں ملاقات طے ہے، دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں میاں نواز شریف کی وطن واپسی کے مجوزہ پلان پر بھی بات ہوگی جب کہ مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز اور اسحاق ڈار سمیت متعدد لیگی رہنماؤں کے بھی آئندہ چند روز میں لندن جانے کا امکان ہے، لندن میں پارٹی قائد نوازشریف سے ملاقات میں آئندہ الیکشن، پنجاب میں ٹکٹوں کی تقسیم اور ممکنہ سیٹ ایڈجسمنٹ پر بھی بات چیت کریں گے، مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف بھی ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصہ باہر رہنے کے بعد واپس لندن پہنچ گئے، نواز شریف نے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصہ گزارا اور تین یورپی ملکوں کا بھی دورہ کیا۔
ادھرمریم نواز شریف نے آئندہ انتخابات کی تیاریوں میں پارٹی سلوگن والی اشیا استعمال کرنے کی ہدایات جاری کر دیں، اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پارٹی کے سلوگنز والی اشیا نمائش کے لیے پیش کی گئیں، اس موقع پر سینئر نائب صدر نے ان اشیاء کا معائنہ کیا اور پارٹی پرچم، نواز شریف کی تصاویراور پارٹی نعروں والی اشیا کو خوب پسند کیا۔ مزید پتہ چلا ہے کہ مریم نواز کی جانب سے آئندہ انتخابات کی تیاریوں میں پارٹی سلوگن والی اشیا استعمال کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں جن میں جدید کافی کپ، نوٹ بکس، بیجز اور پوسٹرز شامل ہیں جبکہ تمام اشیا پر مسلم لیگ ن کا جھنڈا، انتخابی نشان شیر اور مختلف نعرے درج ہیں۔