پاک افغان سیریز، ورلڈ نمبر ون بننے کیلئے قومی ٹیم کو وائٹ واش کی ضرورت
قومی کرکٹ ٹیم کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ٓآئی سی سی) ون ڈے رینکنگ میں ورلڈ نمبر ون بننے کیلئے حالیہ پاک افغان سیریز میں وائٹ واش کی ضرورت ہوگی۔
رواں ماہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلی جانے والی 3 روزہ ون ڈے سیریز قومی ٹیم کیلئے کافی اہمیت کی حامل ہے۔ افغانستان کے خلاف تمام میچز جیتنے کی صورت میں پاکستان ون ڈے کرکٹ کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آجائے گا۔
افغانستان کے خلاف کھیلے جانے والے میچز میں اگر پاکستان کو کسی ایک میچ میں بھی شکست ہوتی ہے تو قومی ٹیم رینکنگ میں تیسرے نمبر پر آجائے گی۔ اس طرح بھارت اور آسٹریلیا دونوں پاکستان سے آگے نکل جائیں گے۔
آئی سی سی ون ڈے رینکنگ کی بات کی جائے تو اس وقت پاکستان دوسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ بھارت کا تیسرا نمبر ہے۔ پانچ مرتبہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کا اعزاز اپنے نام کرنے والی آسٹریلیا رینکنگ میں سرِفہرست ہے۔
خیال رہے کہ پاک افغان سیریز کے بعد ایشیا کپ میں نیپال اور بھارت کو شکست دینے کی صورت میں قومی ٹیم 121 پوائنٹس حاصل کرلے گی۔ اس وقت پاکستانی ٹیم کے 116 اور بھارت کے 115 پوائنٹس ہیں۔
یہ بھی ذہن میں رہے کہ پاک افغان ون ڈے سیریز کا آغاز 22 اگست سے سری لنکا میں ہونے جارہا ہے۔ سیریز کا دوسرا میچ 24 اگست جبکہ سیریز کا آخری میچ 26 اگست کو کھیلا جائے گا۔