حکومت کا ویب سائٹس، ویب اوریوٹیوب چینلز کی رجسٹریشن کا فیصلہ
وفاقی حکومت نے ویب سائٹس، ویب اور یوٹیوب چینلز کی رجسٹریشن کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، بڑھتی ہوئی آن لائن سر گرمیوں کی مانیٹرنگ کیلئے اتھارٹی بنائی جائے گی۔
وفاقی کابینہ نے ای تحفظ اتھارٹی بل کی منظوری دے دی ہے، وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کی جانب سے بل منظوری کیلئے کابینہ کو بھجوایا گیا تھا۔
تمام ویب سائٹس کی مانیٹرنگ ای سیفٹی اتھارٹی کرے گی، خلاف ورزی پر جرمانوں کا اختیار اسی اتھارٹی کے پاس ہوگا، یہ اتھارٹی ٹی وی چینلز، اخبارات کی ویب سائٹس کی بھی نگرانی کرے گی۔
اتھارٹی کو ویب چینلز کو لائسنس جاری کرنے کا اختیارحاصل ہوگا، حکام کے مطابق ویب مانیٹرنگ کا اختیار پی ٹی اے سے واپس لیا جائے گا۔ پیکا ایکٹ کے تحت ایف آئی اے کو حاصل اختیارات ناکافی قراردے دیے گئے۔
ای تحفظ بل کے مطابق پیکا ایکٹ کے تحت سوشل میڈیارولز کارآمد ثابت نہ ہوئے،پی ٹی اے کو سوشل میڈیا پر مواد کو بلاک کرنے کی رسائی نہیں ہے،پیکا ایکٹ کے مطابق سائبر کرائمز کے تدارک کیلئے الگ اتھارٹی نہیں بنائی گئی۔
بل کے مطابق ایف آئی اے کو ٹاسک دیا گیا جس پر پہلے ہی دیگر معاملات کا بوجھ ہے، نیوز چینلز اور اخبارات کی ویب سائٹس کی مانیٹرنگ بھی اتھارٹی کرے گی، اتھارٹی غلط خبر چلانے پر ویب سائٹ بند اور جرمانہ بھی کرسکے گی۔