خود کو بینک کا نمائندہ ظاہر کرکے شہریوں کو لوٹنے والا گینگ گرفتار
گروہ نے مختلف شکایت کنندگان کے بینک اکاؤنٹس سے 3 لاکھ روپے ہتھیائے‘ ملزمان صارفین کو کال کرتے اور خود کو بینک کا نمائندہ ظاہر کرکے حساس معلومات لے کر رقم ٹرانسفر کرلیتے،ایف آئی اے
اسلام آباد (احسن رضا): وفاقی تحقیقاتی ادارے نے خود کو بینک کا نمائندہ ظاہر کرکے شہریوں کو لوٹنے والے گینگ کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے کارروائیاں کرتے ہوئے آن لائن فراڈ میں ملوث 2 گینگز کو گرفتار کر لیا، ملزمان مختلف VOIP ایپلی کیشن کو استعمال کرتے ہوئے صارفین کو کال کرتے اور خود کو بینک کا نمائندہ ظاہر کرتے ہوئے رقم ٹرانسفر کر لیتے۔
مزید یہ کہ ملزمان نے مختلف شکایت کنندگان کے اکاونٹس سے 3 لاکھ روپے ہتھیائے، گرفتار ملزمان میں اکبر علی، محمد اسماعیل، محمد حبیب اور عبدالغفار شامل ہیں۔جبکہ ایک اور کارروائی میں جعلی پولیس اہلکار بن کر عوام کو لوٹنے والا دو رکنی گروہ بھی گرفتار کر لیا گیا۔