جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش،انتظامیہ کی ناکامی کھل کر سامنے آگئی
بارشوں سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ‘سرکاری محکموں کی آپسی لڑائی سے مون سون کی بارشیں اہل علاقہ کے لیے زحمت بن گئیں
جڑواں شہروں(ٹوئن سٹی نیوز): راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کی وجہ سے نشیبی علاقہ سیکٹر ایچ 13 ڈوب گیا اور متعدد گلیوں اور گھروں میں پانی آگیا جبکہ تیز بارش سے نالے کی دیواریں ٹوٹ گئی جس سے ایک بچہ نالے میں ڈوب گیا جڑواں شہروں میں تیز بارش کی وجہ سے جامع مسجد روڈ، صادق آباد، مری روڈ پر بھی پانی جمع ہو گیا جس کی وجہ سے متعدد گاڑیاں پانی میں پھنسنے سے ٹریفک کا نظام بھی سخت متاثر ہوا ہے.
راولپنڈی کے نالہ لئی کے قریب اب تک 39 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، اسی طرح سید پور میں 55 ملی میٹر، گولڑہ میں 54، بوکھڑا میں 20 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے جبکہ شمس آباد میں 11 اور چکلالہ میں 36 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے شمس آباد، صادق آباد سمیت دیگر نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں اور واسا کا عملہ بھی شکایات کرنے کے باوجود غائب ہوگیا.
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جڑواں شہروں میں مسلسل بارش سے نشیبی علاقوں والے محتاط رہیں نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے راولپنڈی کے متعدد علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے شہر کے شمس آباد، ڈھوک کالا خان، اعوان کالونی، صادق آباد میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے لیکن واسا کا عملہ بھی صرف مری روڈ تک محدود ہوگیا ہے جس کی وجہ سے عوام اپنی مدد آپ کے تحت گھروں سے پانی باہر نکالنے میں مصروف ہیں ہر سال کی طرح اس سال بھی نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوا.
ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ جڑواں شہروں میں 60 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے اور نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کا بہاﺅ 12 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 9 فٹ ہے اور بارشوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے پری الرٹ جاری کردیا گیا ہے جڑواں شہروں میں تیز بارش کی وجہ سے جہاں متعدد علاقے زیر آب آچکے ہیں وہاں آئی جے پی روڈ اور ملحقہ شاہراہیں بھی پانی سے بھر گئی ہیں جس کی وجہ سے راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ڈھوک کالا خان میں مریض کو لے جانے والی ایدھی ایمبولینس بارش کے پانی میں پھنس گئی، اہل علاقہ نے ایمبولینس کو اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکالا.
جڑواں شہروں میں موسلادھا بارش کے باعث صادق آباد کا علاقہ تلاب کا منظر پیش کرنے لگا ہے اور صادق آباد روڈ پر پانچ فٹ تک پانی شاہراوں پر جمع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں سمیت ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے دوسرکاری محکموں کی لڑائی کی وجہ سے مون سون کی بارشیں اہل علاقہ کے لیے زحمت بن گئی ہیں تیز بارش کے بعد ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے ایم ڈی واسا کے ہمراہ نالہ لئی کا دورہ کیا اور کہا کہ ہم نے صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئی ہے اور تمام اداروں کو الرٹ کر دیا ہے.
ترجمان واسا کا کہنا ہے کہ نالہ لئی گوالمنڈی پل پر پانی کا بہاﺅ 12 فٹ ہے اور نالہ لئی کے کی چمنٹ ایریا میں بارش تھمنے کی وجہ سے مزید اضافے کا امکان نہیں ہے تیز بارش کی وجہ سے نیو لالہ زار کا علاقہ مکمل طور پر پانی میں ڈوب گیا ہے اور اہل علاقہ جان بچانے کے لیے گھروں کی چھت پر چڑھ گئے ہیں، دوسری جانب نیو لالہ زار میں گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں جبکہ گندا پانی بھی گھروں میں داخل ہو گیا ہے.
راولپنڈی کے محلہ ہزارہ کالونی میں کم عمر بچہ نالہ لئی میں ڈوب گیا جس کے بعد تمام ریسکیو اہلکاروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے دوسری جانب بچے کے لواحقین نے نالہ لئی میں خود تلاش شروع کردی ہے اور ریسکیو اہلکاروں سے مایوس ہوکر 10 سے 12 افراد نالہ لئی میں اتر گئے اور بچے کی تلاش شروع کردی.