پاکستان کی ہوابازی صنعت میں ایک اور ایئرلائن کا اضافہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ٹوئن سٹی نیوز 05 مارچ 2022ء) ٹوئن سٹی نیوز کو موصول تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ہوابازی صنعت میں ایک اور ایئرلائن کا اضافہ ہوگیا ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ’’کیو ایئر ویز‘‘ کے نام سے ایک نئی ائیر لائن کمپنی کو لائسنس کا اجراء کر دیا ہے، ائیرلائن کو دو سال کیلئے لائسنس جاری کیا گیا ہے۔
وفاقی کابینہ نے کیوائیرویز کو لائسنس دینے کی منظوری دی تھی، جس کے بعد ائیرلائن کو دو سال کیلئے لائسنس جاری کیا ہے۔ لائسنس کی میعاد یکم فروری 2022 سے جنوری 2024 تک ہوگی، دو سال بعد لائسنس کی میعاد میں اضافہ کیا جائے گا، نئی ’’کیوایئرویز‘‘ کو تین بلنگ سائیکل کی مد میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی فیس جمع کرانا ہوگی۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر کیوایئرویز کامران حسن کا کہنا ہے کہ مسافروں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے، جلد ہی فضائی آپریشن کا آغاز کر دیا جائے گا۔ دوسری جانب قومی ایئرلائن پی آئی اے پینشنرز کو طویل عرصے بعد پنشن میں اضافے کی خوشخبری سنا دی گئی، پی آئی اے انتظامیہ نے طویل عرصے بعد پینشنرز کی پنشن میں10 فیصد اضافے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
جس کے تحت پنشن میں 10 فیصد اضافے کی ادائیگی دسمبر2021 میں جاری تنخواہ کے مطابق کی جائے گی، ریٹائرڈ ملازمین اور ان کے اہل خانہ کیلئے پینشن میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری2022 سے نافذ العمل ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کے62 ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں پینشن میں اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ یاد رہے اس سے قبل پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ 14 دسمبر 2021 کوکیا گیا تھا۔
چیف ہیومن ریسورس آفیسر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تنخواہوں میں اضافے کا اطلاق یکم نومبر سے ہوا ہے جبکہ اس کا اطلاق کنٹریکٹ ملازمین پرنہیں ہوگا، نوٹیفکشین میں مزید بتایا گیا کہ ملازمت سے برطرف اور جبری ریٹائرڈ ملازمین بھی اضافے کے اہل نہیں ہوں گے، جبکہ ایسے ملازمین جو 4 ماہ سے زائد بغیر تنخواہ رخصت پر ہیں ان کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہوگا۔